counter easy hit

پنجاب حکومت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون ایڈووکیٹ محترمہ عاصمہ حامد کی ایڈووکیٹ جنرل آف پنجاب کے عہدے پر تعیناتی

پنجاب حکومت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون ایڈووکیٹ محترمہ عاصمہ حامد کی ایڈووکیٹ جنرل آف پنجاب (اے جی پی) کے عہدے پر تعیناتی

For the first time in the history of Punjab government, women advocate Ms. Asma Hamid posted the post of Advocate General of Punjabراولپنڈی: (اصغر علی مبارک) پنجاب حکومت نے مدت کے اختتام سے قبل پرنسپل لاء آفیسر شکیل الرحمٰن کی طرف سے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون محترمہ عاصمہ حامد کو ایڈووکیٹ جنرل آف پنجاب (اے جی پی) کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔محترمہ عاصمہ حامد اس سے قبل ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل (اے جی اجی) مقرر تھیں۔ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے بعد محترمہ عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔محترمہ عاصمہ حامد سے قبل شکیل الرحمٰن جو جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن خان کے صاحبزادے ہیں، 7 مارچ 2016 کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے پر فائز ہوئے اور 2 سال تک اس عہدے پر اپنے فرائض سر انجام دیئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اب یہ نگراں سیٹ اپ کے تحت بننے والی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ عاصمہ حامد کی تقرری کو برقرار رکھتی ہے یا قوانین کے مطابق نئے عہدیدار کا تقرر کرتی ہے،واضح رہے کہ محترمہ عاصمہ حامد سابق گورنر پنجاب شاہد حامد کی صاحبزادی اور سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کی بھتیجی ہیں، محترمہ عاصمہ حامد جنوری 2014 میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل مقرر ہوئیں بعدازاں انہیں 18 فروری 2015 کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔جبکہ 2016 میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نوید رسول مرزا کی صحت خراب ہونے کے باعث ان کے مستعفی ہوجانے کے بعد پرنسپل لاء آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں بھی نبھاتی رہیں۔محترمہ عاصمہ حامدنے جامعہ پنجاب سے ایل ایل بی جبکہ ہارورڈ کے لاء اسکول سے آئینی قوانین میں ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، جنہوں نے نہ صرف پاکستان کی بڑی لاء فرمز کے ساتھ کام کیا بلکہ سندھ حکومت کے تحت ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قانون کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔بحیثیت لاء آفیسر، انہوں نے پنجاب حکومت کو بیشتر معاملات میں قانونی رہنمائی فراہم کی، جن میں ریوینیو، جرائم، شہری اور آئینی معاملات شامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیراعلی پنجاب کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں شہباز شریف کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل اہم ترین تعیناتی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے اپنے خط میں مزید لکھا کہمحترمہ عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کے لیے چنا گیا وقت اور طریقہ کار مناسب نہیں۔ان کا کہنا تھا چونکہ محترمہ عاصمہ حامد کے والد شاہد حامد اور چچا زاہد حامد شریف خاندان کے وفادار ہیں لہٰذا بادی النظر میں عاصمہ حامد کو شریف خاندان سے وفاداری نبھانے کے عوض تعینات کیا گیا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ من پسند شخصیت کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی قبل از انتخابات دھاندلی کی کوشش دکھائی دیتی ہے، عاصمہ حامد کی تقرری کے ذریعے شہباز شریف کے اقدامات کے شخصی دفاع کی کوششیں کی جا رہی ہیں، شریف خاندان سے قربت اور وفاداری محترمہ عاصمہ حامدکی واحد قابلیت ہے۔اپنے خط میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ محترمہ عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تقرری فوری طور پر کالعدم قرار دی جائے اور آئندہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ حاصل کرکے آنے والی جماعت کو اس اہم فیصلے کا موقع دیا جائے۔