واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وزیرخارجہ کے شمالی کوریا سے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کو وقت کا زیاں قرار دے دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رد عمل دیتے ہوئے حریف ملک سے بات چیت کو وقت کی بربادی قرار دے دیا۔ ٹرمپ نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میں اپنے بہترین وزیرداخلہ ریکس ٹلرسن سے کہتا ہوں کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کر کے وقت ضائع نہ کریں۔ ہمیں جو کرنا ہوگا وہ کریں گے۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدر کم جانگ اُن کےلیے ایک بار پھر ’’لٹل راکٹ مین‘‘ کا لقب استعمال کیا۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب شمالی کوریا کے معاملے پر امریکا کی متضاد پالیسی سامنے آئی ہے جس میں امریکی صدر اور وزیرداخلہ کے بیانات میں واضح اختلاف نظرآرہا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے اہل کاروں نے کوئی عندیہ نہیں دیا کہ انہیں مذاکرات میں دلچسپی ہے اور وہ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر بات چیت کےلیے تیار ہیں۔








