اسلام آباد: پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) میں 21 ارب 75 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق نیب میں پی ڈبلیو ڈی کے 60 کروڑ روپے کے 2 مقدمات جبکہ ایف آئی اے میں 39 کروڑ 65 لاکھ روپے کے 3 مقدمات ہیں۔ اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کی جانب سے چکوال میں سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں ٹینڈر دستاویزات میں ٹمپرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ اجلاس چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے ذیلی محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی مالی سال 2013-14 کے آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی میں 21 ارب 75 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔

