

پیرس (یس اردو نیوز، فوٹو: علی اشفاق) دیار غیر میں رمضان المبارک میں پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے افطار پارٹیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف مساجد اور ریستورانوں میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز پیرس کے نواحی شہر سارسل میں فرانس پاکستان ایسوسی ایشن کی طرف سے گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس افطار ڈنر میں پاکستانی کمیونٹی کے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ فرانس پاکستان ایسوسی ایشن ہر سال فرانس میں والی بال یورپین ٹورنامنٹ کرواتی ہے جس میں ہزاروں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے دئے گئے افطار ڈنر میں فرانسیسی امیدوار قومی اسمبلی فرانسوا پوپینی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اور حاضرین کو رمضان کی مبارکباد دی۔ انہوں نے الیکشن میں پاکستانی کمیونٹی کے خصوصی تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے اپنے حلقے کی پاکستانی مساجد کے حوالے سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ کمیونٹی معززین نے اس افطار ڈنر کو پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کیلئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں افطار کے ایسے اجتماعات سے آپس میں بھائی چارہ اور اتحاد بڑھتا ہے۔ اور فرانس پاکستان ایسوسی ایشن کے عہدیداران مبارکباد کے حقدار ہیں کہ جنہوں نے پوری کمیونٹی کے نمائندوں کو ایک چھت تلے اکٹھا کیا۔














