counter easy hit

سندھ کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟

کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے عبداﷲ حسین ہارون بہترین شخصیت ہیں، تحریک انصاف نے ان کانام تجویز کردیا ہے ، اس تجویز سے اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

Who is Sindh caretaker chief minister?پارٹی سیکریٹریٹ ‘‘انصاف ہاؤس’’ کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے عہدیداران و کارکنان سے بات چیت کے دوران عارف علوی نے کہا کہ عبداﷲ حسین ہارون ایک قابل تعریف انسان ہیں، ان کے کردار پر کوئی شخص انگلی نہیں اٹھا سکتا، دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس معاملے میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دوبار اقتدار ملا لیکن انہوں نے سندھ کے عوام کے ووٹوں کی کوئی قدر نہیں کی، انہوں نے کروڑوں روپے کے بجٹ منظور کروائے اس کے باوجود کوئی کام مکمل نہیں کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما لیاقت جتوئی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہوں گے ، اس مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی تحریک انصاف کا ہو گا۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ پی پی کے ظالم اور چور حکمرانوں کو ان کے انتخابی حلقوں میں بھی نہ آنے دیں۔ سندھ میں صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں ترقی کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا، پیپلزپارٹی نے اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنائے اور لوگوں کی زمینوں پر قبضے کروائے ، سندھ میں صرف من پسند افراد کو پانی فراہم کر کے زراعت کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

نیب کی جانب سے بھی سندھ میں پیپلزپارٹی کے ساتھ نرمی برتی گئی اور ان کے خلاف متعدد کیسز بند کر دیئے گئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہمیں تسلیم کرنا ہو گا کہ انتخابی مہم پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے اخراجات کی منافع سمیت ریکوری شروع کر دیتے ہیں۔ زرداری لیگ صرف اور صرف پیسہ اور بینک بیلنس بڑھانے پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام دس سال پہلے جہاں سے چلے تھے ، آج بھی وہیں کھڑے ہیں، تحریک انصاف دراصل اسی سیاسی مافیا کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے ۔ ہم سندھ اور پورے پاکستان میں عوام کے حقوق کے لیے کام کر رہے ہیں۔