counter easy hit

ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی بیٹنگ

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظبی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل جاری ہے۔

Sri Lanka batting on the second day of Abu Dhabi Testسری لنکن ٹیم نے 254 رنز 3کھلاڑی آؤٹ  پر اپنی اننگز آگے بڑھائی۔ناٹ آؤٹ بیٹسمین کرونا رتنے 133 رنز اور چندی مل 49 رنز کے ساتھ میدان میں اترے۔ گزشتہ روز پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرےاور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سری لنکا نے90 اوور میں 3وکٹوں پر254رنز بنائے تھے ،چوتھی وکٹ پرکرونارتنے اور کپتان چندی مل نے 118رنز کی شراکت قائم کی۔ اوپننگ بیٹسمین کرونارتنے سنچری بنانے میں کامیاب رہے ،انہوں نے دن کے اختتام تک 15چوکوں اور 1چھکے مدد سے 133رنز بنائے جبکہ کپتان چندی مل نے 5بار گیند کو بائونڈری سے باہر کا راستہ دکھایا۔

اس سے قبل گرین کیپس کے خلاف سیریز میں 0-1کی برتری رکھنے والے کپتان چندی مل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 63 کے اسکور پر گری جب کشال سلوا 27رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے ۔ دوسری وکٹ پر کرونارتنے نے سماراوکراما کے ساتھ مل کر 68رنز جوڑے ،131 کے مجموعی اسکور پر سماراوکراما کو محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی وہ ایک چھکے اور 5چوکوں کی مدد سے 38رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔

ڈے نائٹ میچ میں چائے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے سری لنکا کی تیسری وکٹ بھی گر گئی، یاسر شاہ نے مینڈس کو ایک کے انفرادی اسکور پر اسد شفیق کی مدد سے قابو کیا تو لنکن ٹیم کے 3 کھلاڑی 136 پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ چوتھی وکٹ پر کرونارتنے کا ساتھ دینے کے لئےکپتان چندی مل میدان میں اترے ،اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے پاکستانی بائولنگ لائن کو کوئی وکٹ دینے سے انکار کردیا اور گرائونڈ میں کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے۔

اس دوران کرونارتنے نے سنچری 198 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے مکمل کی یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی ساتویں سنچری ہے جبکہ وہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 93رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ سرفراز احمد سری لنکن بیٹنگ لائن اپ میں دراڑ ڈالنے کے لئے 6 باولرز آزمائے جن میں سے یاسر شاہ 90رنز کے عوض 2 جبکہ محمد عامر 59رنز دے کر ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ سنچری میکر کرونارتنے وہاب ریاض، محمد عباس، حارث سہیل اور اسد شفیق کی گیندوں کو کامیابی کھیلنے میں کامیاب رہے ۔

پاکستان نے دوسری ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ وہاب ریاض کو شامل کیا ہے جبکہ سری لنکا نے دو تبدیلیاں کی اور لکشن سنداکان کی لہیرو کمیج کو جبکہ زخمی تھرمانے کی جگہ سماراوکراما کو ٹیم میں جگہ دی ہے ۔ سری لنکا کے ہاتھوں اگر قومی ٹیم کو شکست ہوئی تو پاکستانی ٹیم 7 سال بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر چلی جائے گی، اس وقت قومی ٹیم چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔ یاد رہے سری لنکن ٹیم نے آج اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ گلابی گیند سے کھیلا ہے جب کہ پاکستانی ٹیم کا یہ تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے۔