counter easy hit

پشاور سانحہ : ترکی میں سوگ، بھارت کا سکولوں میں 2 منٹ کی خاموشی کا اعلان

Modi and Tayyab

Modi and Tayyab

انقرہ/ نئی دہلی (یس ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کو فون کرکے پشاور سانحے پر اظہار افسوس کیا۔ طیب اردوان نے اس موقع پر ترکی میں ایک روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے سانحہ پشاور کے سوگ میں آج بھارت کے سکولوں میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سماجی رابطے کی سائٹ پر لکھا کہ پاکستان میں سکول پر حملے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ محض سکول جانے پر بچوں کو جان سے مار دینا ہولناک بات ہے۔

افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ اللہ نے وزیراعظم نواز شریف کو فون کرکے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ افغان قیادت نے سانحہ پشاور پر پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا اور افغانستان میں سوگ منانے کا اعلان کیا۔

امریکی صدر باراک اوباما نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ پشاور سانحے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ فرانسیسی وزیراعظم نکولس اولاندے نے بھی شدید الفاظ میں واقعے کی مذمت کی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی اس اندوہناک واقعے پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ ملالہ یوسفزئی نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔