counter easy hit

پاک بحریہ آج سمندروں کا عالمی دن منا رہی ہے

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا سمندروں کا عالمی دن کے موقع پر کہنا ہے کہ صاف ستھرے کرہء ارض کے لئے شفاف سمندر ناگزیر ہیں۔ زمین پر زندگی کو برقرار رکھنے میں سمندر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Pak Navy is celebrating the world's seas todayترجمان پاک بحریہ کے مطابق آج سمندروں کےعالمی دن کے لیے اس سال کا منتخب کردہ موضوع ’پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کی روک تھام اور صاف ستھرے سمندر کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی‘ ہے۔

پاک بحریہ ترجمان نے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سمندری وسائل کے دیرپا استعمال سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاک بحریہ میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ہاربر کی صفائی، لیکچرز اور سیمینارز کا انعقاد شامل ہے۔

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا خصوصی پیغام جاری کیا گیا اور اسے پاک بحریہ کی تمام یونٹس میں پڑھا گیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ صاف ستھرے کرہء ارض کے لئے شفاف سمندر ناگزیر ہیں۔ زمین پر زندگی کو برقرار رکھنے میں بھی سمندر اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سمندر بحری حیات کے لئے بے پایاں ماحولیاتی نظام کی آماجگاہ ہیں اور قدرتی وسائل کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سمندروں اور ملکی بحری اقتصادیات کی بھر پور صلاحیتوں کے بارے میں عوام الناس کے فہم میں اضافہ کرنے کے لئے پاک بحریہ جامع میری ٹائم آگہی مہم پر عمل پیرا ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ پاک بحریہ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے سمندروں کو آلودگی سے پاک رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آئیے اس دن ہم اپنے عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر طرح بحری ماحول کی حفاظت اور بچاؤ کو یقینی بنائیں گے۔