counter easy hit

مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف ریلی کے دوران پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

Kashmir Protest

Kashmir Protest

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور اس دوران کشمیریوں نے سری نگر میں پاکستانی پرچم بھی لہرادیا جب کہ بھارتی پولیس نے پرچم لہرانے پر کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی سری نگر آمد پر کشمیریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر گزشتہ روز رہائی پانے والے کشمیری رہنما مسرت عالم کی قیادت میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی جس میں پرجوش کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کیے اور اس دوران وادی بھارت مردہ بعد کے نعروں سے گونج اٹھی جب کہ ریلی کے دوران سری نگر میں پاکستان کے پرچم بھی لہرائے گئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مفتی سعید اعلان کریں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں کیونکہ یہ علاقہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے، مسئلہ کشمیر صرف پاک بھارت تنازع نہیں بلکہ سہ فریقی مسئلہ ہے۔

کشمیری بنیادی اور اصل فریق ہیں، کشمیر میں ہندو پنڈتوں کی آبادکاری مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش ہے، کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو پہلے تسلیم کیا نہ آئندہ کریں گے جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک ہماری جدو جہد آزادی جاری رہے گی۔