counter easy hit

مخدوم امین فہیم ایک بار پھر بیرون ملک دورے پر لندن روانہ

Makhdoom Amin Fahim

Makhdoom Amin Fahim

کراچی (یس ڈیسک) سینیٹ الیکشن اور اس کے لیے ہونے والی جوڑ توڑ سے خود کو لاتعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم ایک بار پھر بیرون ملک دورے پر لندن روانہ ہو گئے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ کئی دنوں تک ملک میں قیام کے باوجود مخدوم امین فہیم کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات تک نہیں ہوئی۔ جبکہ سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی لندن پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے۔ جہاں وہ کچھ دن قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم نے سینیٹ الیکشن کے لیے قائم پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ اور وہ گزشتہ ہفتے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے ختم ہونے کے اگلے روز وطن واپس آئے،سات دن پاکستان میں قیام کے دوران مخدوم امین فہیم کی کراچی اور اسلام آباد میں کئی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی موجودگی کے باوجود مخدوم امین فہیم کی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ مخدوم امین فہیم کے پارٹی معاملات پر اب بھی کچھ تحفظات برقرار ہیں اور اسی لیے انھوں نے سینیٹ الیکشن اور اس کے لیے ہونے والے سیاسی توڑ جوڑ سے خود کو الگ رکھا اور ایک بار پھر بیرون ملک روانہ ہو گئے۔

لیکن یہ بات اہم ہے کہ اس بار صرف مخدوم امین فہیم نہیں بلکہ اپنی قیادت کے خلاف سخت الزامات لگانے والے پیپلز پارٹی کے رہ نما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی لندن پہنچ گئے ہیں۔ جہاں کئی ماہ سے عملا غیر فعال رہنے والے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی مقیم ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہےکہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کے لیے پیغام بھی بھجوایا ہے۔ تاہم اب تک ملاقات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔