counter easy hit

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ادارہ جاتی میکنزم قائم کیا جائیگا،پاکستان اور امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔اس بات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات میں اتفاق کیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نےپاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ،تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں۔یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ،افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کو رونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے ۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website