مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال پہلی بار حج یا عمرے کے لیے آنے والے زائرین سے ویزہ فیس وصول نہیں کی جائے گی، ان کی ویزہ فیس خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز خزانے سے ادا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ پہلی بار حج اور عمرے پر آنے والوں سے ویزہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پہلی بار حج اور عمرے پر آنے والوں کو ویزہ فیس سے استثنیٰ دے رکھا ہے اور انہوں نے اس پر عمل درآمد جاری رکھنے کی بھی سختی سے تاکید کی ہے۔
محمد صالح بنتن نے اس حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ میں شائع کی جانے والی خبروں کی تردید کی، انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے طے کیا ہے کہ جو شخص پہلی مرتبہ حج یا عمرے پر آئے گا اس کی فیس سرکاری خزانے سے ادا کی جائے گی۔ حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی نمایاں کام انجام دے رہی ہے اور وزارت حج کی شراکت سے کام کررہی ہے، ہمارا مقصد عازمینِ حج اور عمرہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور تمام دشواریاں دور کرنا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی وزارتِ حج نے مقامی حج اور عمرہ کمپینیز کے لیے منیٰ میں ٹینٹ حاصل کرنے کی تاریخ 4 جولائی مقرر کی ہے جبکہ ان کے سالانہ لائسنس 27 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔