اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آرسے واضح بیان آچکا ہے کہ ڈرون حملہ ہوا تو موثر جواب دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں چین کے فوجی اڈے بنانے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں اور نا ہی گوادر یا اس کے نواحی علاقوں میں فوجی اڈے بنانے سے متعلق چین کی کوئی درخواست ملی ہے، چند عناصرکی جانب سے اس ترقیاتی منصوبے پرافواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
ایران میں جاری مظاہروں پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، مظاہرے ایران کا اندرونی معاملہ ہے، امید ہے تہران حکومت پرامن طریقے سے مظاہروں پر قابو پالے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے حضرت خواجہ معین الدین ؒ کے عرس میں شرکت کے لیے پاکستاینیوں کو ویزے جاری نہیں کئے اس کے علاوہ بھارت نے ورلڈ کپ کیلئے اپنی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کونہیں آنے دیا جو کہ افسوسناک ہے۔








