counter easy hit

کیپٹن صفدر کی طبیعت ناساز

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کیپٹن صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی ہے جس کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ڈاکٹر ز کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے۔

ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بھی اڈیالہ جیل پہنچادی گئی ہے۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کیپٹن (ر) صفدر کی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں ، اگر انہوں نے مشورہ دیا تو کیپٹن صفدر کو ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے۔واضح‌رہے کہ سلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنا دی تھی۔ ملکی تاریخ کے بڑے کیس کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو دس سال قید، ایک ارب انتیس کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی تھی ۔جج احتساب عدالت محمد بشیر نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ عدالتی حکم میں جھوٹی دستاویزات جمع کرانے پر مریم نواز کو مزید ایک سال قید بھی سنا دی گئی۔ عدالت نے کیس کے شریک ملزموں حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے تھے. عدالتی آرڈر میں کہا گیا ہے کہ تمام مجرمان کو اپیل میں جانے سے پہلے سرنڈر کرنا ہو گا۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر الیکشن لڑنے کے لئے بھی نااہل ہو گئے تھے۔