counter easy hit

.برطانوی وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے پر ڈاکٹر سجاد کریم کو خراج تحسین پیش کیاہے

Dr-Sajjad-Karim

Dr-Sajjad-Karim

مانچسٹر (پ۔ر) برطانوی وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون نے پاکستانی نژاد رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجادحیدر کریم کوپاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کیاہے۔ یہ بات برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیزپاکستان گروپ کے چیئرمین اینڈریو اسٹیفن نے ڈاکٹرسجادحیدر کریم سے شمال مغربی برطانیہ میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر اینڈریو اسٹیفن نے سجادکریم کو ’’ستارہ قائداعظم‘‘ ملنے پر دلی مبارکبادیتے ہوئے کہاکہ میں اپنے ساتھ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا ذاتی پیغام بھی لایاہوں جنھوں نے سجادکریم کو ذاتی طورپران کی پاکستان اوربرطانیہ کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیاہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ صدر پاکستان ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر سجادحیدر کریم کویورپ میں ان کی پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات اور مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے پر پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز ’’ستارہ قائداعظم‘‘ سے نواز ا ہے۔

اینڈریواسٹیفن گذشتہ پانچ سال سے شمال مغربی برطانیہ کے حلقے سے رکن پارلیمنٹ ہیں اوربرطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پاکستان گروپ کے چیئرمین کا عہدہ بھی ان کے پاس ہے۔ ملاقات کے دوران اینڈریو اسٹیفن نے کہاکہ میں آج ذاتی طورپر ڈاکٹر سجادکریم کو’’ستارہ قائداعظم‘‘ کا اعزاز ملنے پر مبارکباد یتا ہوں جو انہیں ان کی پاکستان اور برطانیہ اور پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کوفروغ دینے کے لیے کی گئی انتھک کاوشوں کے اعتراف کے طور پر دیا گیاہے۔

اس موقع پر سجاد کریم نے اینڈریو اسٹیفن کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کا ممنون ہوں کہ آپ نے آج اپنا وقت نکالا اور مجھے ملنے میرے گھر آئے۔
اگرچہ مجھے ملنے والا اعزاز ایک اعتراف ہے لیکن یہ میں نے اکیلے حاصل نہیں کیا بلکہ اسے حاصل کرنے میں بہت سے لوگوں کی کاوشیں شامل ہیں جنھوں نے اپنے حصے کا کردار اداکیاہے اور اس طرح ہم نے پاکستان اور برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کیا۔

سجادکریم نے کہاکہ یقیناًہمارے وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون نے یورپی یونین کی سطح پر ہماری سرپرستی کی اوراس طرح ہم اس قابل ہوئے تاکہ پاکستان کے لیے تجارت کے کچھ راستے کھول سکیں۔انھوں نے اینڈرویو اسٹیفن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹرین کی حیثیت سے آپ اور میں وزیراعظم کی سرپرستی پر ان کے شکرگزار ہیں اور میں آپ کے کردارکی بھی ستائش کئے بغیر نہیں رہ سکتا جو آپ نے بحیثیت چیئرمین برائے برطانوی پارلیمنٹ آل پارٹیز پاکستان گروپ اداکیا۔یہ آپ کی قیادت کی بدولت ہے کہ ہاؤس آف کامنز میں پاکستان کے موضوع پر ہمیں ہمیشہ اکثریت کی حمایت حاصل رہی۔