پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 پر ضمنی انتخاب میں پولنگ جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

اس سے قبل فوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان سخت سکیورٹی میں حلقے میں پہنچایا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ 7 ہزار پولیس اہلکار پولنگ کے دوران فرائض انجام دے رہے ہیں۔ حلقے کے کل 26 بلدیات کے وارڈز میں تین جماعتوں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ گزشتہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار گلزار خان نے مسلم لیگ (ن) کے موجودہ امیدوار ناصر خان موسیٰ زئی کو 34 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔ عام انتخابات میں ناصر خان موسیٰ زئی 20 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے تھے جب کہ تیسری پوزیشن جماعت اسلامی کے حصے میں آئی تھی۔








