counter easy hit

لاہور اور ملتان میں مطالبات کی منظوری کیلئے ینگ نرسز کا احتجاج

Young nurses protest

Young nurses protest

احتجاج کے باعث ہسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے احتجاج جاری رہے گا :نرسز
ملتان (یس اُردو) ملتان میں نشتر ہسپتال کی ینگ نرسز ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئیں لیکن اس بار ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں سروس سٹرکچر اور ہیلتھ الائونس دیا جائے اور نشتر ہسپتال میں معطل کی گئی نرسز کو بحال کیا جائے ۔ ملتان میں ینگ نرسز سروس سٹرکچر اور ہیلتھ الائونس کیلئے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئیں ، نرسوں نے وارڈز میں کام بند کر دیا اور نشتر ہسپتال کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں سروس سٹرکچر اور ہیلتھ الائونس دیا جائے اور نشتر ہسپتال کی معطل کی گئی نرسز کو فوری بحال بھی کیا جائے ۔ احتجاج میں نشتر ہسپتال سمیت چلڈرن کمپلیکس اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نرسز بھی شریک ہوئیں تاہم نرسز کے احتجاج کے باعث ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ مظاہرے میں شامل نرسز کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کا یہ احتجاج جاری رہے گا جبکہ احتجاج میں شامل نرسز کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔ دوسری طرف لاہور میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے احتجاج کا دوسرا روز ، ٹریفک بلاک ہونے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے جناح ہسپتال کے باہر بھی پیرامیڈیکس سڑک پر آگئے ، غصہ کسی پر اور اس کا نشانہ بنے کوئی اور ، یہ ہے نرسوں کے احتجاج کی کہانی ۔ حکومت ہے کہ دو روز سے جاری دھرنے کو خاطر میں نہیں لارہی ۔ اور لاہور کی اہم ترین شاہراہ مال روڈ سے گزرنا محال ہے ۔ شہری پل پل مظاہرین کو کوستے دکھائی دے رہے ہیں ۔ پنجاب بھر سے آئی نرسوں کے احتجاج سے سرکاری ہسپتالوں میں جزوی طور پر کام متاثر ہو رہا ہے ۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی کال پر احتجاجی مظاہرین کامطالبہ ہے کہ ان کے لئے سروس سٹرکچر کی منظوری اور ہیلتھ الائونس کا اعلان کیا جائے ۔ دوسری جانب جناح ہسپتال کے باہر بھی پیرا میڈیکل سٹاف بھی اپنے مطالبات کے لئے سڑک پر آگئے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے وہ احتجاج جاری رکھیں گی ۔