counter easy hit

یمن کے معاملے پر وزیراعظم کے اقدامات پر ایران نے بھی اطمینان کا اظہار کیا، خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ ترکی سے حالات بہتر ہوتے نظر آرہے ہیں جب کہ یمن کےمعاملے پر وزیراعظم کے اقدامات پر ایران نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ ترکی سے حالات بہتر ہوتے نظر آرہے ہیں، یمن کےمعاملے پر وزیراعظم کے اقدامات پر ایران نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے جب کہ ایران نے یمن میں سیز فائر کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یمن کے معاملے پر ہماری ترجیح فریق بننا نہیں بلکہ مفاہمت اور پالیسی ہے جب کہ مذاکرات سے معاملات کے حل پر سب ملکوں کا اتفاق ہے،اطلاعات ہیں کہ حوثیوں نے غیر مشروط طور پر سیز فائر کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے تاہم سیز فائر کی شرائط طے ہونا باقی ہے اور آئندہ 2 سے 4 روز میں اس سے متعلق اہم پیش رفت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے دفاعی معاملات دہشت گردی کے تناظر میں ہیں۔