counter easy hit

عزیر بلوچ کی حوالگی، دبئی حکام نے مزید وقت مانگ لیا

Uzair Baloch

Uzair Baloch

کراچی (جیوڈیسک) عزیر بلوچ کو دبئی سے پاکستان لانے والی تفتیشی ٹیم کل واپس وطن پہنچ جائے گی۔ دبئی حکام نے عزیر بلوچ کی حوالگی کے حوالے سے جمع کرائے جانے والی دستاویزات کو درست قرار دیتے ہوئے انٹرپول پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ عزیر بلوچ کی حوالگی کے بارے میں اپریل کے پہلے ہفتہ میں آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی پولیس نے ایف آئی اے اور انٹرپول کو مطلوب منی لانڈرنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے جس کی وجہ اب تینوں ملزمان کو ایک ساتھ پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

پاکستان سے جانے والی چار رکنی ٹیم میں سے دو رکنی ٹیم پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہے جس کے بعد ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی نوید خواجہ سمیت دو افسران اب واپس پہنچ رہے ہیں۔ عزیر بلوچ کو دبئی حکام نے جعلی پاسورٹ پر مسقط سے دبئی سفر کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔

عزیر بلوچ کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 52 مقدمات درج ہیں۔ پاکستان واپس آنے والی پولیس ٹیم کے ویزے 7 مارچ کو ختم ہو گئے تھے جس کے بعد اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔

دبئی قوانین کے مطابق عدالت کی جانب سے ملزم کی حوالگی کے حکم کے بعد تیس دن کے اندر اندر ملزم کو متعلقہ ملک منتقل کرنا ضروری ہوتا ہے۔