counter easy hit

آج بہار اردو اکادمی میں راجندر سنگھ بیدی اور عصمت چغتائی کی یاد میں قومی سمینار

Kamran Ghani

Kamran Ghani

پٹنہ (مشتاق احمد نوری) اردو ترقی پسند افسانے کے عظیم فن کار راجندر سنگھ بیدی اور عصمت چغتائی کی پیدائش کے سو برس مکمل ہونے پر ملک کے گوشے گوشے میں سمینار اور مذاکرے منعقد ہورہے ہیں۔ اس سلسلے سے ٩جنوری ٢٠١٦ء بروز سنیچر ، دس بجے دن میں، بہاراردو اکادمی کی جانب سے یک روزہ مشترک قومی سمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں دونوں فن کاروں کی ادبی خدمات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

اس سمینار کے افتتاحی اجلاس کی صدارت بہار اردو اکادمی کے نائب صدرجناب سلطان اختر اور پروفیسر علیم اللہ حالی فرمائیں گے اور افتتاحی خطاب اکادمی کے سکریٹری جناب مشتاق احمد نوری کریں گے۔ سمینار کی پہلی نشست راجندر سنگھ بیدی کی حیات و خدمات پر منعقد ہوگی جس میں جناب شوکت حیات، جناب شموئل احمد، جناب اقبال حسن آزاد، جناب صفدر امام قادری، جناب ابو بکر عباد اور جناب واحد نظیر اپنے مقالات پیش کریں گے۔ سمینار کی دوسری نشست عصمت چغتائی کی خدمات پر منعقد ہوگی جس میں جناب جمیل اختر، جناب مشتاق احمد، جناب نسیم احمد نسیم اور جناب شہاب ظفر اعظمی اپنے مقالات پیش کریں گے۔

راجندر سنگھ بیدی اور عصمت چغتائی کی خدمات پر منعقد ہونے والے اس ایک روزہ قومی سمینار میں عظیم آباد کے تعلیمی اور ادبی حلقے میں اکادمی کی طرف سے دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیںلیکن اکادمی کے سکریٹری جناب مشتاق احمد نوری نے اردو زبان و ادب سے محبت کرنے والوں سے استدعا کی ہے کہ اگر کسی وجہ سے انہیں دعوت نامے نہیں مل سکے ہوں تو اس خبر کو ہی دعوت نامہ تصور کرتے ہوئے دس بجے دن سے سنیچر کو اکادمی کے سمینار ہال میں شریک بزم ہوںاور اردو کے اہم نقادوں اور مصنفین کے خیالات سے فیض یاب ہوں۔