counter easy hit

یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طالبات کے جینز پہننے پر پابندی عائد کردی گئی

لاہور: تبدیلی آ نہیں رہی ، تبدیلی آ گئی۔ یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طالبات کے جینز پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) نے طلبا کے لیے ڈریس کوڈ جاری کر دیا ہے ڈریس کوڈ کے تحت طالبات کو دوپٹہ اور اسکارف لازمی لینے کی ہدایت کی گئی، یونیورسٹی میں طالبات پر سلیولیس شرٹس پہننے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔طالبات پر کیپری پینٹس پہننے پر بھی پابندی عائد ہو گی جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے طلبا بھی جینز پہننے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ لڑکوں کو صرف ڈریس پینٹ شرٹ اور کوٹ پہننے کی اجازت ہو گی۔ جمعہ کے روز طلبا صرف شلوار قمیض پہن کر آئیں گے۔ڈریس کوڈ کی پابندی کرنا تمام طلبا و طالبات کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے میڈیکل کالجز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لیے بھی ڈریس کوڈ جاری کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے صوبہ پنجاب کے میڈیکل کالجوں کے طلبا کے لیے ڈریس کوڈ لاگو کیا تھا۔ نئے ڈریس کوڈ کے مطابق طلبا کے جینز،ٹی شرٹ، چپل، سینڈل اور شارٹس پہننے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد اب یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) میں بھی ڈریس کوڈ کو لازمی قرار دیتے ہوئے طلبا اور طالبات پر جینز پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔یونیورسٹی میں اس نئی پابندی پر یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے طلبا ملی جلی رائے کا اظہار کر رہے ہیں کچھ طلبا نے اس پابندی کو خوش آئند قرار دیا جبکہ کچھ طلبا اس نئی پابندی سے ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔ طالبات کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے بے راہ روی کو روکا نہیں جا سکتا، اس کو روکنے کے لیے انتظامیہ کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔