counter easy hit

بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے بھارت جا کر اپنا موقف تبدیل کر لیا

نئی دہلی: پاکستان حراست کے دوران پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مہمان نوازی کے گن گانے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے بھارت جا کر اپنا موقف تبدیل کر لیا۔

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ابھی نندن نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسے ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا ہے ۔اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ابھی نندن نے بتا یا کہ اگرچہ پاکستان میں اسے جسمانی طور پر اذیت نہیں پہنچا ئی گئی لیکن ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا ہے۔ ابھی نندن نے یہ انکشاف دہلی کے ایک ہسپتال میں ان سے ملاقات کے لیے آئی بھارتی وزیر دفاع نرملا شتھرمن سے ملاقات کے دوران کیا۔ بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن سے اس کے خاندان کی ملاقات کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دفاعی تجزیہ کار نعیم خالد لودھی نے نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتا دیا تھا کہ ابھی نندن بھارت جا کر اپنا بیان تبدیل کر لے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ابھی نندن کا سب سے پہلے میڈ یکل کرایا جائے گا جس کے بعد اس سے بریفنگ لی جائے گی اور اس دوران بھارتی حکام ابھی نندن پر پاکستان مخالف بیان دینے کا دباﺅ ڈالیں گے اور ابھی نندن کہے گا کہ پاکستان میں اس پر ٹارچر ہوا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کا بیان دینا ابھی نندن کی مجبوری ہو گی ۔