counter easy hit

یوگنڈا: سماجی رابطوں کی ویب سایٹ کے استعمال پر ٹیکس عائد

کمپالا : یوگنڈا کی حکومت نے فیس بک، واٹس ایپ، ٹویٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سایٹز کے استعمال پر ٹیکس عائد کردیا ہے تاکہ عوام سوشل میڈیا کا استعمال کم کریں۔

Uganda: tax imposed on the use of web content for social connectionsتفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک یوگنڈا کی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سایٹ کے استعمال کو روکنے کے لیے ٹیکس نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوگنڈا کی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سماجی رابطوں کی ویب سایٹز کا استعمال کرنے والے شہریوں پر 4 سے 5 سینٹ محصول لاگو ہوگا جو انہیں پابندی سے ادا کرنا ہوگا۔

یوگنڈا کے سربراہ مملکت یوویری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا تاحال فضول باتوں اور افواہوں کو پھیلانے کا ذریعہ بنا ہوا ہے، جس پر شہری اپنا وقت ضائع کررہے ہیں، حکومت نے اس کی روک تھام کے لیے ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یوگنڈا کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس انٹر نیٹ ڈیٹا کے استعمال پر لاگو نہیں ہوگا کیوں کہ انٹرنیٹ تعلیم و تحقیق کا ذریعہ ہے، ٹیکس صرف سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر لاگو ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یوگنڈا کی پارلیمنٹ نے فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام، واٹس ایپ سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سایٹز پر ٹیکس لگانے کے ساتھ ساتھ موبائل بینکنگ پر ایک فیصد ٹیکس عائد کیا ہے، جس کے بعد شہری سراپا احتجاج ہیں۔

یوگنڈا کے شہریوں کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے عائد کردہ نئے ٹیکسز کے باعث غریب عوام شدید متاثر ہوگی جو روزانہ موبائل بینکنگ کا استعمال کرتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوگنڈا کے 2 کروڑ 60 لاکھ شہری موبائل فونز کے مالک ہیں، لیکن صرف 1 کروڑ 70 لاکھ افراد انٹر نیٹ استعمال کرتے ہیں۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے تاحال سوشل میڈیا استعمال کرنے والے صارفین کی پہنچان کے لیے کوئی طریقہ کار وضح نہیں کیا ہے۔