counter easy hit

تین پاکستانی اخبارات جن کا ڈی ایچ اے میں داخلہ بند کردیا گیا

لاہور: پاکستان میں عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف کی حکومت بننے جارہی ہے اور آئندہ دنوں میں عمران خان پاکستان کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے جارہے ہیں، ایسے میں ڈی ایچ اے کی انتظامیہ نے تین پاکستانی اخبارات کا ہاوسنگ سوسائٹی میں داخلہ ہی بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے لاہور کے مختلف علاقوں میں انگریزی جریدہ ڈان، دی نیوز اور روزنامہ جنگ نہیں پہنچنے دیاگیا۔ اخبارات کی عدم ترسیل پر ’ڈیلی پاکستان ‘نے کھوج لگانے کی کوشش کی تو انکشاف ہوا کہ ڈی ایچ اے کے مختلف داخلی مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکہ بندی کی اور ہاکرز کو روک کر ان کے پاس موجود اخبارات کی جامع تلاشی لی گئی، جن ہاکرز کے پاس یہ تینوں اخبارات تھے، ان کو ڈی ایچ اے میں اینٹری کی اجازت نہیں دی گئی۔

ہاکرز نے بتایا کہ ’ممنوعہ‘ اخبارات چھوڑ کر دوبارہ ڈی ایچ اے میں دیگر اخبارات تقسیم کیے ۔ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ ڈی ایچ اے کے مختلف علاقوں میں کیبل پر جیونیوز کو بھی بند کردیاگیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اخبارات روکے جانے پر ڈی ایچ اے انتظامیہ کا موقف معلوم نہیں ہوسکا۔