ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی طبعیت ایک بارپھر خراب ہوگئی اور ان کے گھر والوں نے پرستاروں سے دعا کی درخواست کی ہے۔

دلیپ کمار گزشتہ کئی عرصے سے بیمار ہیں، رواں سال اگست میں انہیں گردوں میں تکلیف اور پانی کی کمی کے باعث ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ٹوئٹر پر دلیپ کمار کی طبیعت بگڑنے کی اطلاع دیتے ہوئے تمام لوگوں سے دعا کی درخواست کی تھی جب کہ ان کے چاہنے والے یہ خبر سن کر پریشان ہوگئے تھے تاہم کچھ عرصے بعد دلیپ کمار کی طبیعت سنبھلنے کے باعث تمام لوگوں نے شکر کا سانس لیا، بعد ازاں انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 94 سالہ اداکار دلیپ کمار کی صحت رواں برس تیزی سے گری ہے جس کی وجہ سے انہیں کئی بار اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں بھی انہیں دائیں پاؤں میں سوجن کے باعث اسپتال لے جانا پڑا تھا۔








