counter easy hit

اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے سر فخر سے بلند کردیا، فیصل صالح

کراچی:  صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے فائنل میں رسائی کے ساتھ سلور میڈل حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

The Street Child team lifted up the head with pride, Faisal Salehاپنے پیغام میں فیصل صالح حیات نے کہا کہ مسلم ہینڈز کی سرپرستی اور کوچ عبدالرشید کی رہنمائی میں تشکیل پانے والی پاکستان ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی، فائنل میں بھی ڈٹ کر ازبکستان کا مقابلہ کیا، نوعمر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی محنت، مہارت اور حوصلہ قابل تحسین ہے، ماسکو میں ٹیم کی کارکردگی پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی نوید ہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ثابت کردیا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، مواقع ملیں تو دنیا پر اپنی دھاک بٹھاسکتے ہیں۔

فیصل صالح حیات نے کہا کہ فیفا کی جانب سے رکنیت بحال کیے جانے کے بعد پی ایف ایف پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بڑھانے کیلیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے، معطلی کے دوران ہونے والے نقصان کی فوری تلافی ممکن نہیں لیکن گراس روٹ سطح سے لے کر اوپر تک پورے سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف کی پوری کوشش ہے کہ سڑکوں، گلیوں سے لیکر دور دراز کے علاقوں سے بھی نیا ٹیلنٹ تلاش کرکے اس کو نکھارنے کیلیے میدان اور سہولیات فراہم کی جائیں۔