counter easy hit

معین خان کی پاکستان کرکٹ بورڈ میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی

لاہور: طلعت علی کی ذمہ داری نبھانے سے معذرت، معین کو ٹیم منیجر مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔

The path got smooth of Moin Khan to return to Pakistan Cricket Boardمعین خان کو دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا امکان ہے، طلعت علی سری لنکا کیخلاف جاری سیریز کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔ معین خان ورلڈکپ 2015 میں بھی بطور منیجر قومی سکواڈ کے ہمراہ تھے لیکن ایک کسینو میں پائے جانے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آئے اور اس وقت کے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے انہیں وطن واپس بلا کر عہدے سے برطرف کردیا، بعد ازیں منیجر کی ذمہ داری سنبھالنے والے وسیم باری سبکدوش ہوئے تو طلعت علی پر اعتمادکا اظہار کیا گیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کو ابتدا میں چیمپئنز ٹرافی تک ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں تاہم کسی نئے منیجر کا تقرر نہ ہونے کی وجہ سے ان کو یواے ای میں سری لنکا کیخلاف سیریز کے اختتام تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق طلعت علی کا خلا پرکرنے کیلئے معین خان مضبوط امیدوار کے طور سامنے آئے ہیں، نجم سیٹھی کے بطور چیئرمین پہلے مختصر دور میں بھی ان پر نوازشات جاری رہی تھیں،انہیں کوچنگ سے ہٹایا گیا تو منیجر کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

نجم سیٹھی اب دوبارہ بھرپور قوت کیساتھ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں اوراس صورتحال میں معین کی بطور ٹیم منیجر بورڈ میں واپسی کیلئے راستہ صاف نظر آرہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلعت علی ملک نے پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے کہ گھریلو مصروفیات کی وجہ سے وہ اس سیریز کے بعد ذمہ داریاں انجام نہیں دے سکیں گے۔