counter easy hit

’رئیس ‘اور’ قابل‘ کی جنگ شروع

کون بنے گا پہلے ”سو کروڑ کا پتی“رئیس اور قابل کاسینما گھروں میں ٹاکرا شروع ہوگیا۔رئیس سے پہلے ”باجی راوٴ“ کی تلوار سے اس ”دل والے“ نے زخم کھائے پھر ”بازیگر“ کی ”فین“ کا ”انجام“ بھی کچھ اچھا نہیں ہوا۔ اب ”رئیس“ ہے جس میں یہ خان پھر سے ”ڈان “ بن کر آرہا ہے۔

”جوش“ سے بھر پور ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی پھر خان کی ”ساتھیا“ ماہرہ خان کے ساتھ کیمسٹری نے بھی دیکھنے والوں پر خوب جادو کیا۔فلم کے ٹریلر کو اب تک4کروڑ سے زائد لوگ یو ٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔فلم سو کروڑ کا چھکا لگائے گی یہ تو کسی کیلئے کوئی ”پہیلی“ نہیں لیکن قابل ،رئیس کو کروڑ کی ڈبل سینچری سے پہلے آوٴٹ ضرور کردے گا۔

فلم ’رئیس ‘پہلے ’سلطان ‘کے ساتھ عید پر ریلیز ہونے والی تھی لیکن ’فین ‘کی ناکامی کے بعد’ رئیس‘ نے سلطان کیلئے میدان کھلا چھوڑ دیا۔دس سال پہلے یہی شاہ رخ ”ڈان “ بن کر ”جانِ من“ سلمان کو چت کر چکے تھے اور اگلے ہی سال ان کی ”اوم شانتی اوم“ نے ”سانوریا “ کو دھول چٹائی۔ لیکن اب باکس آفس کا ”ون ٹو کا فور“ بدل چکا ہے۔

شاہ رخ کی ”دل والے “ ناکام تو نہیں ہوئی لیکن پہلی بار کسی مقابلے میں کنگ خان ہارا تھا ۔رنویر سنگھ کی ”باجی راوٴ مستانی“ نے 185کروڑ کمائے تھے ’دل والے‘ کا بزنس 148کروڑ ہی رہا تھا۔پھر’ فین‘ اکیلے ریلیز ہوئی لیکن کروڑ کی سنچری سے پہلے ہی رن آوٴٹ ہوگئی۔

ویسے رہتھک کے ستارے بھی اس وقت اتنے روشن نہیں۔پچھلے سال اکشے کی ”رستم“ نے رہتھک کی مہنگی ترین فلم”موہن جو دڑو“ کو باکس آفس پر بھی ڈبودیا تھا۔ سو کروڑ سے بھی زیادہ لاگت سے بننے والی ”موہن جو دڑو“ باکس آفس پر کروڑوں کی ففٹی ہی بناسکی تھی لیکن اب رہتھک روشن اور شاہ رخ کا بڑا مقابلہ اس سال ٹھنڈ میں سینما گھر گرمانے کیلئے شروع ہوگیا ہے۔

’رئیس ‘اور ’قابل‘ کے ٹاکرے کا سب کو شدت سے انتظار تھا۔دونوں ایکشن سے بھرپور فلمیں ہیں۔’رئیس‘ کا ٹریلر’ قابل‘ کے ٹریلر سے زیادہ دیکھا گیا ہے۔بلکہ ’رئیس ‘کا ٹریلر اتنا زبردست ہے کہ اسے ’دنگل‘ اور’ سلطان‘ کے ٹریلر سے بھی زیادہ بار دیکھا گیا ہے ۔اسی لیے اوپننگ بھی ”رئیس “ ہی کی بہتر ہوگی لیکن ریس وہی جیتے گا جو دوسرے ہفتے میں زیادہ بزنس کرے گا۔

’رئیس ‘میں نواز الدین صدیقی شاہ رخ کے پیچھے ہوں گے تو ’قابل‘ میں رہتھک روشن کا مقابلہ رونت رائے جیسے اداکار کے ساتھ ہوگا۔دونوں فلموں میں تالیاں اور سیٹیاں بھی رونت رائے اور نواز الدین صدیقی کیلئے زیادہ بجیں گی۔

’رئیس ‘میں اگر اجے دیوگن کی ”ونس اپاوٴن اے ٹائم ان بمبئی“ کی جھلک ہے تو قابل عامر خان کی ”گجنی“ کی طرح انتقام لیتا نظر آئے گا۔شاہ رخ اجے دیوگن کے زمانے کے ہی ڈان بنے ہیں تو دوسری طرف رہتھک روشن کے پاس یاد داشت تو ہوگی لیکن وہ آنکھوں سے محروم ہوں گے۔

اب ’رئیس ‘پولیس سے کیسے بچتا ہے اور رہتھک روشن کس طرح اپنے دشمنوں کو پکڑتا ہے یہ آج سب کو پتا چل جائے گا۔

دونوں فلموں کے آئٹم سانگ بھی سپر ہٹ ہیں۔’رئیس‘ میں فیروز خان اور ونود کھنہ کی فلم’ قربانی‘ کا مشہور گانا”لیلیٰ میں لیلیٰ“ ریمیک کیا گیا ہے تو قابل میں امیتابھ اورامجد خان کی ”یارانہ“ کا یادگار گانا ”سارا زمانہ حسینوں کا دیوانہ“کو نیا روپ دیا گیا ہے۔دونوں آئٹم سانگ مقبول تو ہوئے لیکن اوریجنل جیسی بات نہیں،لیلی میں لیلی کو یو ٹیوب پر 8کروڑجبکہ سارا زمانہ کو اب تک پانچ کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔ایک میں سنی لیون نے زینت امان کی جگہ سب کو مجنوں بنایا ہے تو دوسرے میں ارویشی روتیلا نے امیتابھ بچن کا گانا چرا کر سب پر بجلیاں گرائی ہیں۔

دونوں آئٹم سانگ کا میوزک زوردار لیکن آوازیں کمزور پڑ گئیںجس نے یہ دونوں پرانے گانے دیکھے ہیں وہ کشور کماراور کنچن کی آوازوں کے ساتھ امجد خان کا ڈرم بجانے ، لیلیٰ پکارنے کا انداز اور امیتابھ کے قمقموں سے روشن لباس اور رقص کوآج بھی یاد کرتا ہے۔ر

’رئیس ‘کے پروڈیوسرڈان والے فرحان اختر ہیں لیکن فلم کے کپتان یعنی ڈائریکٹر”راہول ڈھولکیا“ ہیں ۔دوسری طرف قابل کے پروڈیوسر رہتھک روشن کے پاپا راکیش روشن لیکن ہدایت کار اسٹائلش سنجے گپتا ہیں۔سنجے گپتا نے کئی فلمیں بنائی لیکن کامیابی کے پھول انھیں صرف’کانٹے “ سے ہی ملے۔

گھر کی فلموں میں باہر کے ڈائریکٹر کے ساتھ رہتھک روشن کامیاب نہیں ہوئے کیونکہ پاپا کی نگرانی میں بننے والی ’کہونا پیار ہے‘،’ کوئی مل گیا‘، ’کرش‘ اور’ کرش تھری‘ سب بلاک بسٹر رہیں لیکن ”برفی“والے انوارگ باسو کے ساتھ”کائٹ“ باکس آفس پر اڑتے ہی کٹ گئی۔

رئیس80کی دہائی کی کہانی ہے اس لیے اس میں شاہ رخ کا ”لُک “کمال کا دکھایا ہے، شاہ رخ کی داڑھی، ہیئر اسٹائل ،بالوں پر لگا تیل، کپڑے، آنکھوں پر لگا سرمہ اور چشمہ سب دبنگ آیا ہے۔د

وسری طرف قابل میں رہتھک روشن اور یامی گوتم کا بینائی سے محروم جوڑا ہے جس کی خوشیاں چھین لی جاتی ہیں پھر انتقام کی آگ میں جلنے والے رہتھک روشن کا بدلہ دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔

ڈائیلاگز میں ابھی تک ’رئیس ‘کا پلہ بھاری ہے تو ایکشن میں ’قابل‘ آگے نظر آتا ہے۔پروموشن میں پھر’ رئیس‘ کے نمبر زیادہ ہیں کیونکہ ماہرہ کی وجہ سے پبلسٹی الگ ملی ہے جس کا کہیں کہیں نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

گانے بھی مقبول ’رئیس ‘کے زیادہ ہوئے ہیں۔بالی وڈ کا ”بگ باس“ سلمان خان بھی ’رئیس‘ کو خوب پروموٹ کررہا ہے ۔دونوں فلموں سے شاہ رخ اور رہتھک کا حال اور مستقبل طے ہوجائے گا ،مقابلہ ہارنے والا نمبروں کی دوڑ میں اکشے کمار سے بھی پیچھے چلاجائے گا۔

رہتھک روشن پر ’موہن جودڑو‘ کی ناکامی کے بعد اتنا دباوٴ نہیں جتنا ’فین ‘کے فلاپ ہونے سے شاہ رخ خان پریشر میں ہیں۔شاہ رخ کروڑوں کی دوڑ میں عامر اور سلمان سے پیچھے بلکہ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔عامر اور سلمان کی دو، دو فلمیں تین سو کروڑ کلب کی ممبر ہیں۔

دوسری طرف شاہ رخ خان کی کوئی فلم ڈھائی سو کروڑ بھی نہیں کماسکی ۔’رئیس‘ دیکھنے والوں کو کتنی ہی پسند کیوں نہ آئے لیکن قابل اگر ناکام بھی ہواتو ـ’رئیس‘ کو کروڑوں کی ڈبل سنچری سے پہلے تو آوٴٹ کر ہی دے گا۔اور اگر ایسا نہیں ہوسکا تو ’رئیس‘۔۔’ چنئی ایکسپریس‘ کے بعد دوسری فلم ہوگی جس نے کسی بڑی فلم کو ہرا کر دو سو کروڑ کمائے لیکن اس کیلئے ’قابل ‘کوبری طرح فیل ہونا پڑے گا۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website