الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشنز کو بھجوا دیے ہیں۔

عمران خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری پر 2 پتے درج ہیں، پہلا پتہ عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ اور دوسرا پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کا ہے۔ واضح رہے کہ پندرہ ستمبر کو توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم عدم پیشی پر 12 اکتوبر کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ عمران خان 26 اکتوبر کو رضاکارانہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔








