counter easy hit

دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کوئٹہ (یس ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ آئندہ نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے اس لئے اسے منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔

کوئٹہ میں انسداد دہشتگردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جس قوم میں جاں نثارسپاہی ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا، آج ہر شہری اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے جبکہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے قومی ادارے اور صوبائی حکومتیں کوشاں ہیں اور جب قومیں ایک فیصلے پر متحد ہوجائیں تو انہیں کامیاب ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی دہشتگرد آپ کے ہاتھ سے بچنا نہیں چاہیئے، تقریب میں جوانوں کی مہارت نے سب کے حوصلے بلند کیے ہیں اور ہمیں ہمت صبر اور برداشت سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ بلوچستان پولیس کو اعتماد حاصل ہوا ہے، ہمارا ملک اور بلوچستان دہشت گردی کا شکار ہے اور ان حالات میں پولیس فورس کا قیام خوش آئند ہے جو دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے اور امید ہے کہ پولیس فورس مفادات سے بالا تر ہوکر صوبے کے عوام کی خدمت کرے گی۔

انسداد دہشتگردی فورس کے پہلے مرحلے میں پاس آؤٹ ہونے والوں میں 200 اہلکار شامل ہیں جن میں 18 خواتین بھی ہیں جبکہ تمام اہلکاروں کا تعلق پولیس سے ہے۔ تقریب میں شریک وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیربرائے سرحدی امور عبدالقادر بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ثنااللہ زہری سمیت بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے تربیتی مشقیں دیکھیں اور انسداد دہشتگردی فورس کے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔