counter easy hit

سانگلہ ہل انٹر چینج تا شاہ کوٹ سٹرک اورسانگلہ ہل ریلوے فلائی اوور کی تکمیل کے لیے فنڈز مختص کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں.چوہدری محمد برجیس طاہر

Tahir Shah

Tahir Shah

سانگلہ ہل (تحصیل رپورٹر)وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے کے لیے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی گڈ گورنینس کا ثبوت دیتے ہوئے پنجاب کے لیے جو شاندار ترقیاتی بجٹ دیا ہے اُس سے یہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں خوش نما تبدیلیاں رونماہوں گی ۔ انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) سانگلہ ہل کے مقامی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت و زراعت کے شعبوں کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافے سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا اور عوام کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ تبدیلی کی دعوے دار دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے حقیقی اور مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے جس کا واضح ثبوت وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کا بجٹ ہے جس میں تمام شعبوں کی ترقی کے لیے خصوصی مراعات دی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف NA-135 کے عوام سے والہانہ محبت رکھتے ہیں جس کا واضح ثبوت انہوں نے اس حلقے کے لیے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کر کے دیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 23 کلومیٹر طویل سانگلہ ہل انٹر چینج تا شاہ کوٹ سٹرک اور سانگلہ ہل ریلوے فلائی اوور کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز مختص کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حلقے کے عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔ سانگلہ ہل انٹر چینج تا شاہ کوٹ سڑک کی تعمیرسے سانگلہ ہل ،شاہ کوٹ اور ننکانہ صاحب کے عوام موٹروے پر نئے تعمیر ہونے والے سانگلہ ہل انٹر چینج سے بھرپور مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں پاکستان آنے والے سکھ یاتری محفوظ اور آرام دہ سفر کر سکیں گے ۔ جس سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ ملے گا اور اس علاقے کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ سانگلہ ہل فلائی اوور کی تعمیر سے سانگلہ ہل میں ٹریفک کے ہجوم کو کنٹرول کرنے میں بہت مددملے گی اور اس کی تعمیر یہاں کے لوگوں کی درینہ خو اہش تھی جس پر عمل درآمد سے حلقے کے عوام بہت خوش ہیں ۔ اس کے علاوہ خانقاڈوگراں گرلز کالج ،صفدر آباد ڈگری کالج ، خانقا ڈوگراں اور شاہ کوٹ کی خوبصورتی کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے سے بھی ان منصوبوں کی تکمیل کی جاسکے گی جس کے لیے علاقے کے عوام وزیر اعلیٰ کے بے حد مشکور ہیں ۔انہوں نے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ میاں علی ڈوگراں ،قلعہ میر زمان ،چک 13/RB رتیاں آرائیاں ،رتیاں مہاجراں ،چک 41/RB ا چک 42/RB چک 80/RBاور شاہ کوٹ کے لیے بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کروڑوں روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں جن سے بلاشبہ ان علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔