اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے اور رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں 120رب ڈالر کا نقصان ہوا اور ہزاروں افراد نے جانیں قربان کی ہیں، پاکستان خطے کو درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مربوط پالیسی مرتب کی، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایس سی او ملکوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں اور رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔








