counter easy hit

سردار رضا کی تعیناتی پراعتراض نہیں لیکن نیا الیکشن کمیشن بننا چاہئے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی تقرری پر کوئی اعتراض نہیں حکومت کو چاہئے کہ ایک ہفتے میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کرے۔

بنی گالا میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی شہرت اچھی ہے جس کی وجہ سے ہمیں ان پر کوئی اعتراض نہیں۔

لیکن جو ان کے ماتحت کام کررہے ہیں حکومت انہیں فوری تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں چیف الیکشن کمشنر اس شخص کو مقرر کیا جاتا ہے جس پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد ہو لیکن ہمارے یہاں دو پارٹیاں مک مکا کرکے آپس میں ہی چیف الیکشن کمشنر کو تعینات کر دیتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں دھرنے کی وجہ سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دھرنے کے دباؤ سے ہی ملک میں تیل کی قیمتیں اور کرپشن کم ہوئی جب کہ اسحاق ڈار نےبھی آئی ایم ایف سامنے یہ کہا کہ اگست کے بعد ملک میں ترقی ہوئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں کرنی تھی لیکن یہ کمی صرف ہمارے شور مچانے کی وجہ سے ہی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 40 فیصد بجلی تیل سے پیدا ہوتی ہے لیکن تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی جو حکومت کی نااہلی ہے، مہنگی بجلی کی وجہ سے چوری بڑھ رہی ہے جس کی قیمت غریب عوام ادا کر رہے ہیں۔

فیصل آباد میں احتجاج سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں فیصل آباد کے لوگوں سے معذرت خوا ہوں میں انہیں مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتا لیکن لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے لئے باہر نکلیں۔

ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کروائی جائے، حکومت دھاندلی کی تحقیقات کےلئے ایک ہفتے کے اندر اندر جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کرے۔