counter easy hit

سیف علی خان نے حکومت کو پدما شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کردیا

Saif ali khan announced to return Padma Shri award to the governmentممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی جانب سے بھارتی حکومت کو پدما شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ بات واضح رہے کہ پدما شری ایوارڈ بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ ہے، سیف علی خان سمیت دیگر بالی ووڈ اداکاروں کو اس ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

اداکار ارباز خان کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ وہ خود کو ملنے والا پدما شری ایوارڈ حکومت کو واپس کرنا چاہتے ہیں۔ اس پروگرام میں سلیبریٹیز سے سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں کے حوالے سے سوالات پوچھے جاتے ہیں ۔ ارباز خان نے ایک سوشل میڈیا صارف کا سوال سیف علی خان سے پوچھا جس میں اس صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ سیف علی خان نے پدما شری ایوارڈ خریدا ہے۔سیف علی خان نے اس دعویٰ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھگ نہیں ہیں اور نہ ہی پدما شری ایوارڈ خرید سکتے ہیں کیونکہ ان کے اندر اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ حکومت سے یہ ایوارڈ خرید سکیں اور نہ ہی ان کی اتنی اوقات ہے کہ حکومت کو رشوت دے سکیں۔ سیف علی خان نے بتایا کہ وہ یہ ایوارڈ نہیں لینا چاہتے تھے لیکن ان کے والد نے ان پر دباؤ ڈالا اور کہا کہ وہ ابھی کسی ایسی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ حکومت کو یہ ایوارڈ لینے سے منع کرسکیں۔ سیف علی خان نے کہا کہ انڈسٹری میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو پدم شری ایوارڈ کیلئے ان سے زیادہ قابل ہیں اور بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو ان سے کم قابل ہیں لیکن ان کے پاس یہ ایوارڈ موجود ہے اس لیے وہ یہ ایوارڈ واپس کرنا چاہتے ہیں۔

شوبز کی دنیا سے دوسری خبر یہ ہے کہ پاکستان کے پرکشش گلوکار و اداکار علی ظفر 39سال کے ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر 39 سال کے ہوگئے ہیں وہ 18 مئی 1980 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم شرارت کیلئے گانے ’جگنوں سے بھرلوں آنچل‘ سے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم حقہ پانی کے گانے ’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے‘ سے بنی۔ اس گانے کی البم ’حقہ پانی‘ کی دنیا بھر میں 50 لاکھ کاپیز فروخت ہوئیں۔

بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے علی ظفر نے بالی ووڈ کی کئی سْپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ اْن کی بالی ووڈ فلمو ں میں ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘، اور ’چشم بدور‘ شامل ہیں۔ ان کی یہ تمام فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں اوران کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔ علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم ’طیفا اِن ٹربل ‘گزشتہ برس 20جولائی کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی۔ لازوال اداکاری اور بہترین کہانی کی بدولت یہ فلم باکس آفس پر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہی۔ اداکار کی ایکشن کامیڈی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے دنیا بھر میں 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم نے پہلے ہی روز 2 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور پاکستان کی کامیاب فلم قرار پائی تھی۔ پاکستان میوزک انڈسٹری کو کئی شاندار گانے دینے والے علی ظفرکو سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔