counter easy hit

راولپنڈی میں امام بارگاہ کے قریب خودکش حملہ، 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

Bomb Blast

Bomb Blast

راولپنڈی (یس ڈیسک) چٹیاں ہٹیاں میں امام بارگاہ کے باہر خودکش حملے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں امام بارگاہ سے ملحقہ ایک گھر میں محفل میلاد جاری تھی کہ اس دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے میں ابتدائی طور پر 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو، پولی کلینک اور شہید بے نظیر اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکامی پر حملہ آور نے خود کو باہر ہی اڑا لیا جس کے نتیجے میں امام بارگاہ سے ملحقہ گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعہ سے متعلق حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دوسری جانب صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ تحفظ عزاداری اور شیعہ علما کونسل نے واقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔