counter easy hit

تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث 2 مریض راستے میں دم توڑ گئے، مشیر صحت پنجاب کا دعویٰ

PTI Protest

PTI Protest

لاہور (یس ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے ایمبولینسوں اور دیگر گاڑیوں کو راستہ نہ دیئے جانے پر 2 مریض دم توڑ گئے۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور کے مختلف مقامات پر احتجاج کے دوران مریضوں کو بھی اسپتالوں تک رسائی نہ مل سکی، شاہدرہ کا 15 سال کا لڑکا ایمبولینس میں ہی دم توڑ گیا۔ اس کے علاوہ سدرہ ریاض نامی 17 روز کی بچی بھی چلڈرن اسپتال لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوں کو پرامن رہنے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ کارکنوں کو ایمبولینسوں کو جگہ دینے کی بھی واضح ہدایت کی گئی تھی لیکن احتجاج کے دوران اگر کہیں ٹریفک جام ہوا اور اس میں پھنس کر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف عمران خان کے ’’پلان سی‘‘ کے تحت تحریک انصاف کے کارکن لاہور میں احتجاج کر رہے ہیں جب کہ اس سے قبل پی ٹی آئی فیصل آباد اور کراچی میں بھی احتجاج کر چکی ہے جب کہ 18 دسمبر کو ملک بند کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔