counter easy hit

صدر مملکت عارف علوی کا دورہ کویت، شیخ صباح کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کویت کے انتقال کر جانے والے 91 سالہ امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی تعزیت کرنے کے لیے کویت پہنچے اور حکام سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نےکویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر صدر عارف علوی نے مرحوم امیر کویت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور کویت کے درمیان باہمی تعاون نئی بلندیوں تک پہنچا۔’وہ پاکستان کے مخلص اور قابل اعتماد دوست تھے۔ انھوں نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ صدر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر نئے امیر کویت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار ہمدردی پر شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ شیخ صباح الاحمد الصباح 29 ستمبر کو امریکا میں انتقال کرگئے تھے جہاں وہ علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل تھے۔ شیخ صباح کی وفات کے بعد ان کے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کو کویت کا نیا امیر منتخب کیا گیا ہے۔ شیخ صباح الاحمد الصباح کے انتقال پر مسلمان ممالک سمیت دنیا بھر سے افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ کویت کے حکام نے کورونا کے باعث نماز جنازہ میں لوگوں کی شرکت صرف شاہی خاندان تک محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔

president arif alvi, visits, Kuwait, today, expressed, condolence, on, Kuwait Emir


افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے بیان میں کہا کہ صدر اشرف غنی قطری حکام سے ملاقات کے لیے جارہے ہیں اور اسی دوران کویت میں بھی رکیں گے اور سابق امیر کی وفات پر تعزیت کریں گے۔

کویت کے نئے امیر نواف الاحمد الصباح نے پارلیمنٹ سے ووٹ کے ذریعے منتخب ہونے کے بعد گزشتہ روز امریکی اور ایرانی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے عہدیداروں نے شیخ صباح کے انتقال پر تعزیت کی۔ کویت کی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ شیخ نواف نے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی جنہوں نے سابق امیر کی متوازن پالیسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔شیخ صباح الاحمد نے بڑے ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور ایران سے تعلقات کو متوازن رکھا اور امریکا کے ساتھ مستحکم تعلقات برقرار رکھے جس نے اتحاد کی قیادت کی اور جس کے نتیجے میں 91-1990 میں کویت پر عراق کا قبضہ ختم ہوا۔

امریکی سیکریٹری دفاع مارک ایسپر کے دورے کے دوران امریکی سفارتخانے نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘شیخ صباح الاحمد کو ایک عظیم انسان اور انہیں امریکا کے خصوصی دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا’۔ کویت کے 83 سالہ امیر شیخ نواف ممکنہ طور پر اوپیک رکن ممالک کی تیل اور خارجہ پالیسی کو برقرار رکھیں گے جس نے علاقائی تنازعات میں کمی کو فروغ دیا ہے۔ شیخ نواف الاحمد الصباح نے حلف اٹھانے کے بعد کہا تھا کہ خطے کے ممالک کی خوش حالی، استحکام اور سلامتی کے لیے کام کریں گے جس پر اراکین پارلیمنٹ نے ان سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری قوم کو آج مشکل حالات اور خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے، جن کو اتحاد اور مل کر کام کر کے ہی ختم کیا جاسکتا ہے’۔ کویت کے نئے امیر کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ان کے دور میں کویت کی خارجہ پالیسی، تیل اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں میں بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔خلیجی ممالک کے معمر حکمرانوں میں شامل شیخ صباح الاحمد نے قطر اور دیگر عرب ممالک کے درمیان تنازع کے حل کے لیے بڑی کوششیں کیں اور آخری دن تک ان کوششوں کو جاری رکھا۔ کویت کی پارلیمنٹ نے 2006 میں علیل شیخ سعد العبداللہ الصباح کی امارات صرف 9 دن بعد ختم ہونے پر متفقہ طور پر ووٹ کے ذریعے شیخ صباح الاحمد کو حکمران منتخب کیا تھا، انہوں نے امریکا کے اہم اتحادی کے طور پر کام جاری رکھا۔ کویت کے امیر کی حیثیت سے انہیں اندرونی سیاسی تنازعات، 2011 میں عرب بہار کے دوران احتجاج اور بدلتی ہوئی تیل کی قیمتوں جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website