counter easy hit

پیپلزپارٹی میں ذوالفقارعلی بھٹو کے دور سے کچھ گندے انڈے ہیں جو آج بھی ہیں، آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں میں گندے انڈے موجود ہوتے ہیں اور پیپلز پارٹی میں بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے کچھ گندے انڈے ہیں جو آج بھی موجود ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یمن کا مسئلہ صرف مسلم ممالک کا نہیں ہے بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یہ انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسی اہمیت کے حوالے سے پاکستان خود کو اس سے علیحدہ نہیں رکھ سکتا کیونکہ لاکھوں پاکستانی خلیجی ممالک میں مقیم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے یمن کے حوالے سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران بتایا کہ سعودی عرب نے ان چیزوں کا مطالبہ کیا ہے اور پھر وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر دفاع کے بیان کی تصدیق کی لیکن ہم نے حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ یمن کا معاملہ بہت سنجیدہ نوعیت کا ہے، اگر سب چیزیں سب کے سامنے نہیں بتائی جا سکتیں تو پھر تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور ذمہ دار ی کے ساتھ تمام چیزیں واضح کی جائیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں کچھ گندے انڈے موجود ہوتے ہیں اور اسی طرح پیپلز پارٹی میں بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی کچھ گندے انڈے تھے جو آج تک موجود ہیں، ہمیں اپنی جماعتوں سے گندے انڈے نکالنے چاہیئیں نہ کہ جمہوریت کو نکال کر باہر پھینکنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے اور جب یہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی تو آئندہ جمہوریت مضبوط ہو گی۔ جمہوریتوں کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں، جوڈیشل کمیشن بننے پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہیں اور امید ہے کہ فریقین جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو قبول کریں گے۔