counter easy hit

پاکستان میں فتنہ پھیلانے والوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، صدر ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

کراچی (یس ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلام میں قتل و غارت گری کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان میں فتنہ پھیلانے والوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

کراچی میں متبادل ادویات سے متعلق پاکستان کی پہلی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، دہشت گردوں نے دنیا بھرمیں فساد پھیلایا ہوا ہے، ان لوگوں نے اسلام کو بہت بدنام کیا ہے، یہ لوگ اپنے آپ کو اسلام کا چیمپین سمجھتے ہیں حالانکہ اسلام میں قتل و غارت گری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گرد سدھرنے والے نہیں ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ تعالٰی نے مہر لگا دی ہے اور سب لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، پاکستان سے فتنہ پھیلانے والوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کی تعمیر اس صدی کا شاہکار ہو گا، اس سے علاقے میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ بجلی کی پیداوار کے تمام منصوبے مکمل ہوگئے تو 2018 میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ برائے نام رہ جائے گی یا بالکل ختم ہو جائے گی۔