counter easy hit

پاکستان نے امریکہ کو بھی آنکھیں دکھا دیں

اسلام آباد: امریکہ نے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو مار گرانے کے لیے پاکستان کی جانب سے ایف 16 کے مبینہ استعمال پر جواب طلب کیا اور اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا کہ آیا بھارت کے طیارے مار گرانے میں ایف سولہ کا استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے کے مطابق اگر پاکستان نے بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے لیے امریکہ میں بنے ایف سولہ طیارے کا استعمال کیا تو اس وجہ سے امریکہ اور پاکستان کے مابین ایف سولہ طیارے کی فروخت کا معاہدہ متاثر ہو سکتا ہے۔لیکن سابق ائیر وائس چیف مارشل شاہد لطیف نے امریکہ سے ہوئے معاہدے میں ایسی کوئی بھی شرط ہونے کی تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2008ء میں امریکہ سے 52 بلاک کے جدید ترین 18 ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرنے والے پاکستان کے سابق ایئر وائس چیف مارشل (ر) شاہد لطیف نے دوٹوک الفاظ میں اس بات کی تردید کی کہ اِس دفاعی معاہدے میں بھارت کے حوالے سے کوئی شرط شامل تھی۔