counter easy hit

پاکستان افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کرے گا، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ طالبان افغان حکومت مذاکرات کے درمیان پاکستان کا کردار سہولت کار کا ہے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں جب کہ دونوں کے درمیان پاکستان سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، افغانستان سے سیاسی مصالحت امن کی ضمانت ہے اس لئے اچھی امید رکھنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان معدنیات سے مالا مال ملک ہے جہاں صنعتیں ہونی چاہیئں، پاک افغان نئے سرحدی راستوں سے تجارت کو فروغ ملے گا جب کہ چمن اور طورخم کے علاوہ مزید سرحدی راستے بنانا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے تاجروں کے لئے ملٹی پل ویزے پر بات چیت جاری ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان پشاور سے کابل تک موٹروے تعمیر کرے گا جب کہ افغانستان کے ساتھ ریل لنک بھی بنائی جائے گی۔اسی طرح ایشیائی ممالک تک براہ راست پروازیں شروع کرنے کے بھی خواہش مند ہیں، پاکستان، کرغزستان، تاجکستان میں ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ جلد طے پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن سے رہنا افغان عوام کا بنیادی حق ہے جبکہ افغان عوام 35 سال سے سول جنگ میں متاثر ہوئے ہیں تاہم وقت آگیا ہے کہ افغانستان کے شہری بھی پرامن ماحول میں زندگی گزاریں۔