counter easy hit

بنگلہ دیش میں دعوت اسلامی کا سنت رسول پر مبنی تین روزہ اجتماع چٹا گانگ میں منعقد ہوا

 Dawateislami Chittagong Bangladesh

Dawateislami Chittagong Bangladesh

بنگلہ دیش (انجم بلوچستانی) چٹاگانگ بیورو کے مطابق گزشتہ دنوں تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک، دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مبنی ایک عظیم الشان تین روزہ اجتماع منعقد ہوا جس میں ہزارہا عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور علمائے کرام نے ملک وبیرون ملک سے شرکت کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علماء کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ”اس طرح کے دینی و تربیتی اجتماعات کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے۔ان اجتماعات کے انعقاد سے ملت اسلامیہ کے درمیان اتفاق واتحاد اور باہمی محبت و بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے اورعوام میں قرآن وسنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کاجذبہ پیدا ہوتا ہے۔

اس اجتماع سے مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران واراکین نے خطاب کیا۔ اسکے علاوہ مدنی مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں امیر اہلسنت، بانی دعوت اسلامی، حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے مختلف شرعی وفقہی سوالات کے جوابات دئیے ۔اجتماع میں مختلف مواقعوں کی مناسبت سے تربیتی حلقوں کا بندوبست کیا گیا اور شرکاء کو خصوصاً وضو،غسل،نماز ،تجہیز وتکفین ،نماز جنازہ اور دیگر عمومی مسائل کی سنتیں ،آداب اور مسنون دعائیں یادکروائی گئیں۔

آخر میں ایک خصوصی نشست کے دوران تصور مدینہ قائم کر کے رقت انگیز دعا کی گئی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رو رو کر گناہوں سے توبہ کی اورآئندہ زندگی میں گناہوں سے بچنے کا پختہ عہد کیا۔عالم اسلام کی بقاء و ترقی اور امن وامان کے قیام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس اجتماع کے اختتام پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک ماہ ، ،١٢دن اور٣دن کے مدنی قافلوں میں سفر اختیار کرنے کا اعلان کیا۔اس طرح یہ پر نور اور با برکت اجتماع انتہائی کامیابی اور سرخروئی سے بعدنماز جمعةالمبارک اپنے اختتام کو پہنچا۔