counter easy hit

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ

Old tryfurd Test

Old tryfurd Test

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 589 رنز بنائے تھے۔ کپتان مصباح الحق کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
مانچسٹر: (یس اُردو) اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم 198 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان مصباح الحق واحد بلے باز تھے جنہوں نے ففٹی سکور کی۔ پاکستان کے چھ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی بدولت پاکستانی ٹیم کو 391 رنز کا خسارہ ہے۔ انگلینڈ نے پاکستان کو فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج کھیل کے آغاز پر ہی شان مسعود آؤٹ ہو کر باہر جا بیٹھے۔ شان مسعود 39 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے گزشتہ روز چار وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔ بارش کے باعث کھیل متاثر ہونے سے پہلے پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنائے تھے۔ بارش رکنے کے بعد قومی ٹیم نے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق بھی چلتے بنے اور صرف چار رن بنا کر کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد آئے لیکن وہ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ سرفراز احمد 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پاکستان کو 119 سکور پر آٹھواں نقصان یاسر شاہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ایک رنز بنا پائے۔ پاکستان کی نویں وکٹ 179 رنز پر گری جب کپتان مصباح الحق 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے جو 39 رنز بنا کر اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گزشتہ روز پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب محمد حفیظ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اظہر علی بھی صرف ایک رنز بنا چلتے بنے۔ ان کے بعد باری تھی یونس خان کی جنہوں نے وکٹ کیپر کو کیچ دے کر اپنی وکٹ گنوائی۔ یونس خان نے بھی صرف ایک رن کا معرکہ مارا۔ نائٹ واچ راحت علی بھی زیادہ وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 4 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس 4، معین علی اور سٹوکس نے 2، 2 جبکہ اینڈرسن اور براڈ نے ایک، ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی 589 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ پہلی اننگز میں جوروٹ 254، کُک 105، کرس ووکس 58، جونی بیرسٹو 58 اور بین سٹوکس 38 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین، محمد عامر نے دو اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔