counter easy hit

عہدہ اور اختیارات انسان کی آزمائش ہیں: چودھری سرور

Chaudhry Mohammad Sarwar

Chaudhry Mohammad Sarwar

لاہور (یس ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پوری قوم اس وقت ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ اور اختیارات درحقیقت انسان کی آزمائش ہیں، لوگ ہمیشہ انہی کو یاد رکھتے ہیں جو اپنے اختیارات کو عوام کی بہتری کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں مختلف ادوار میں گورنر پنجاب کے عہدے پر خدمات انجام دینے والی شخصیات اور انکے اہل خانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کے سابق گورنرز کو اکٹھا دیکھ کرجو مسرت ہوئی انہیں الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ یہ بڑے بڑے عہدے ہمیشہ عارضی ہوتے ہیں۔ اس موقع پر چودھری سرورنے سابق گورنرز اور انکے اہل خانہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں اپ فار سکول کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ قوموں کے عروج کا تعلق براہِ راست انسانی وسائل کی ترقی سے ہے جس کے لیے معیاری تعلیم کو عام کرنا نا گزیر ہے۔