counter easy hit

بیساکھی تہوار میں شرکت کے لئے 2ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری آج پاکستان پہنچیں گے

More than 2 thousand

More than 2 thousand

ننکانہ صاحب ( محمد قمر عباس )بیساکھی تہوار میں شرکت کے لئے 2ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری آج پاکستان پہنچیں گے ،بھارت سمیت دنیا بھر سے بیساکھی میں شرکت کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ،ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل نے صحافیوں کو بتایا کہ سکھ مذہب کے دوسرے بڑے مذہبی تہوار بیساکھی میلہ کے تقریبات میں شرکت کے لئے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری آج بروز منگل کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق اور سیکرٹری شرائن خالد علی سمیت دیگر افسران ان کا شاندار استقبال کریں گے انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر اور اندرون ملک سے ہزاروں سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کریں گے ،بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو ہو گی جس میں متروکہ وقف املا ک بورڈ صدیق الفاروق سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی شرکت کریں گے،عمران گوندل نے بتایا کہ بھارتی سکھ یاتری بیساکھی تقریبات میں شرکت کے بعد 15 اپریل کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے جہاں وہ چار روز تک قیام کے دوران اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ننکانہ شہر میں واقع ساتوں گوردواروں کی یاترا اور 16 اپریل کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کریں گے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ننکانہ صاحب میں چار روز تک قیام کے بعد بھارتی سکھ یاتری 18 اپریل کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ تین روز قیام کے بعد 21 اپریل کو واہگہ کے راستے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بیساکھی تہوار میں شرکت کے لئے بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے قیام و طعام ،ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں