counter easy hit

ماہرہ خان کی سگریٹ اور ہمارے گناہ

سوشل میڈیا پر آج کل ماہرہ خان کی ایک ویڈیو بار بار شئیر ہو رہی ہے جس میں انہیں سگریٹ پیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو میں ماہرہ کے ساتھ کھڑی خاتون انہیں سگریٹ چھوڑ کر واپس چلنے کا کہہ رہی ہیں جبکہ ماہرہ موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دو تین مزید کش لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

جب سے یہ ویڈیو وائرل ہوئی ہے، ہم اسے بار بار دیکھ رہے ہیں اور ہاتھ میں پکڑی تسبیح پر استغفار کا ورد کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ اب تک ہمارے پچھلے دس سال کے گناہ تو معاف ہو ہی چکے ہوں گے۔ اگر ماہرہ دو چار مزید ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا کے حوالے کر دے تو ہمارے جنت میں جانے کے امکانات حقیقت میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

اتفاق دیکھئیے کہ آج سے کئی ماہ پہلے جب ہم نے اس ادارے میں نوکری کے لیے انٹرویو دیا تھا تو ہمارے اس وقت کے باس نے ہمیں ایک بلاگ لکھنے کا کہا تھا۔ ان دنوں ماہرہ بھارتی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ نیو یارک میں سوٹے لگاتے ہوئی پکڑی گئیں تھیں۔ ہم ٹھہرے نمازی پرہیزی، ہمیں اس سے بہتر موضوع کیا مل سکتا تھا۔ ماہرہ کی وہ تصویر فوراً پرنٹ کروائی اور اپنے لیپ ٹاپ کے ساتھ میز پر رکھ لی۔ تصویر دیکھتے جاتے، استغفر اللہ کرتے جاتے

کم از کم ماہرہ کے سگریٹ سلگانے کا یہ فائدہ تو ہوا کہ ہمیں اپنے برسوں سے کیے جانے والے گناہوں کو معاف کروانے کا خیال آیا ورنہ ہم نے تو جہنم کا ٹکٹ تقریباً خرید ڈالا تھا۔ اب تو ہم ہر دم بس یہی دعا کرتے ہیں کہ اللہ ماہرہ کو مزید سگریٹ سلگانے اور ہمیں اس کی انگلیوں میں دبی سگریٹ کو دیکھ کر استغفار کرنے کی ذرا جلدی جلدی توفیق دیا کرے۔ آمین۔

کبھی کبھی ہم سوچتے ہیں کہ آخر ماہرہ کس برانڈ کی سگریٹ پیتی ہیں؟ اس راز سے پردہ اٹھنا بہت ضروری ہے۔ ان کی سگریٹ بہت خاص ہے، یہ جیسے جیسے سلگتی ہے، ماہرہ کو مزید مشہور کرتی جاتی ہے جبکہ ہمارے ارد گرد کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو خاص الخاص سگریٹ پیتے ہیں لیکن ان کی مشہوری بس ہیرونچی کے لقب سے آگے نہیں بڑھتی۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟

بے شک یہ بہت بڑا تضاد ہے۔ ہمارے فیس بک فرینڈز کی فہرست میں شامل مردوں میں سے پندرہ اپنی پروفائل فوٹو میں سگریٹ کے دھویں کے چھلے اڑا رہے ہیں لیکن ان کی فوٹو دیکھ کر ہم استغفار نہیں کرتے بلکہ ہمیشہ نائس پِک ڈئیر لکھتے ہیں جبکہ ماہرہ کی سگریٹ پکڑے تصویر سامنے آتے ہی ہمارے منہ سے استغفر اللہ کا ورد جاری ہو جاتا ہے۔

آپ مانیں یا نہ مانیں ماہرہ خان ایک پہنچی ہوئی ہستی ہیں جن کی ایک ویڈیو ہی ہماری پوری قوم کے گناہ بخشوانے کے لیے کافی ہے۔ اس لیے ہر گناہ کرنے کے بعد ماہرہ کی وہ ویڈیو دیکھیں، استغفار کریں اور جنت میں اپنی مستقبل کی رہائش گاہ کے انٹیرئیر کے متعلق سوچیں۔