counter easy hit

لاہور انتظامیہ اور کسان مظاہرین کے مذا کرات کامیاب

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کسان اتحاد کونسل اور لاہور کی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، کئی گھنٹوں سے بند ملتان روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

پاکستان کسان اتحاد کونسل کے سیکرٹری اطلاعات فیاض عظیم کے مطابق انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں صبح 10 بجے کسان کونسل کے ارکان کی صوبائی کابینہ سے ملاقات طے پائی ہے۔اس وقت تک کسانوں کا کوئی بھی قافلہ لاہور میں داخل نہیں ہو گا۔گزشتہ روز کسان اتحاد کونسل کی اپیل پر پنجاب بھر سے کسان لاہور پہنچےاور پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گنے اور دھان کی امدادی قیمت کا نئے سرے سے تعین کرے۔

انہوں نے بجلی کی قیمتوں پر سبسڈی اور گنے کے کاشتکاروں کو معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور کسانوں کو حراست میں لے کرلاہور کے مختلف تھانوں میں بند کر دیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر گرفتار کسانوں کو رہا کر دیا گیا۔

تاہم کسان اتحاد کونسل کی کال پر پنجاب کے مختلف علاقوں سے لاہور آنے والے کاشت کاروں کے قافلے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پہنچ گئے اور ٹریفک بلاک کر دیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری کسانوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے موجود ہے۔