ممبئی: بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے سامنے اپنی گرل فرینڈ انوشکا شرما کے بارے میں انکشافات کرتے ہوئے ان کی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا۔

ویرات نے عامرخان کے ساتھ ملاقات کے دوران اپنی گرل فرینڈ انوشکا شرما کے بارے میں چند دلچسپ باتیں بتاتے ہوئے کہا کہ انوشکا بہت اچھی ہونے کے ساتھ ایماندار اور بے حد خیال رکھنے والی انسان بھی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ انوشکا نے پچھلے 4 سال میں ان کی شخصیت کو بدلنے میں بہت اہم کردار اداکیا ہے اور ان کے اندر بہت سی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ تاہم انوشکا کی چند ایسی عادات بھی ہیں جنہیں ویرات ناپسند کرتے ہیں ان ہی میں سے ایک انوشکا کا وقت کی پابندی نہ کرنا بھی ہے، ویرات نے انوشکا کی اس عادت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انوشکا ملاقات کے لیے کبھی بھی وقت پرنہیں پہنچتیں اورہمیشہ دیر کردیتی ہیں جس کی وجہ سے کبھی کبھی انہیں غصہ بھی آجاتا ہے کیونکہ ویرات وقت کے بہت پابند ہیں، تاہم اس بات کے علاوہ انہیں انوشکا کی ہرعادت بہت پسند ہے۔ انوشکا کے ساتھ ویرات نے عامر خان کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عامرخان میں بہت سی خوبیاں ہیں لیکن ان کی سب سے بڑی خوبی ان کی فٹنس ہے جو انہیں بہت پسند ہے، 50 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود عامر خان نے خود کو کسی نوجوان کی طرح فٹ رکھا ہوا ہے۔









