counter easy hit

اٹلی کا پاکستانی مصنوعات کوبغیرڈیوٹی رسائی دینے پر اتفاق

اسلام آباد: اٹلی نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلیے پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی کے بغیر رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے۔

Italy agree to give access Pakistani products without dutyوزارت تجارت کی جانب سے گزشتہ روز یہاں سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اتفاق رائے سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ کے دو روزہ دورہ اٹلی کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر وزارت امور خارجہ اور اٹلی کی معیشت کی وزارت کے اعلیٰ حکام کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت کو موجودہ سطح سے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت2013 میں 90 کروڑ69 لاکھ یورو سے زائد تھی جو2016  میں بڑھ کر ایک ارب20 کروڑ یورو ہوگئی۔ سیکریٹری تجارت نے اطالوی حکام کو بتایا کہ حکومت پاکستان انسانی حقوق، محنت کشوں کے حقوق، موسمیاتی تبدیلیوں، انسداد منشیات اور بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اٹلی کے حکام نے ملاقاتوں کے دوران بنیادی ڈھانچے توانائی اور گاڑیوں کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ فریقین نے آئندہ سال جنوری میں ہونے والے پاک اٹلی مشترکہ کمیشن کے اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔