counter easy hit

چھوٹے شہروں میں فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری

Flight operations

Flight operations

ملتان……پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف چھوٹے شہروں میں فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق ہے ۔ ملتان اور فیصل آباد میں ملازمین ہڑتال پر ہیں ۔ تاہم یہاں بھی پروازیں اپنے وقت پر آجارہی ہیں ۔
ملتان میں آج پی آئی اے کی 12 پروازیں شیڈول ہیں ۔ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ صبح 6 بج کر 10 منٹ پر مدینہ منورہ سے پی آئی اے کی پرواز ملتان پہنچی جبکہ 8 بج کر 10 منٹ پر ملتان سے پرواز کراچی روانہ ہوئی ۔ باقی پروازیں بھی معمول کے مطابق ہیں ۔ ملتان میں پی ۔ آئی ۔ اے بکنگ آفس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی ،اورایئر لیگ کے عہدے دار ہڑتال پر ہیں ۔ انہوں نے نجکاری کے فیصلے کے خلاف دھرنا دیا اور احتجاج کیا ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ لازمی سروس ایکٹ کسی صورت قبول نہیں ۔فیصل آباد میں پی آئی اے ملازمین نے آٹھویں روز بھی کام بند کر رکھا اور مرکزی دفتر میں مظاہرہ کیا ۔ تاہم لازمی سروس ایکٹ نافذ ہونے کے بعد مظاہرین کی تعداد کم ہو گئی ہے ۔ فیصل آباد میں بھی پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق ہے ۔گلگت ائیر پورٹ پر بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ یہاں پی آئی اے کی پرواز صبح معمول کے مطابق آئی اور روانہ ہوئی۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے باوجود ملازمین نے ہڑتال یا احتجاج نہیں کیا ۔اس کے علاوہ رحیم یار خان،بہاول پور ، نواب شاہ , سیالکوٹ اور سکھر ائرپورٹ پر بھی پی آئی اے کی پروازیں شیڈول کے مطابق آ جا رہی ہے۔ تمام ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔